ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہریانہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کا بدترین مظاہرہ، تمام سیٹوں پر شکست، بیشتر امیدواروں کی ضمانت ضبط

ہریانہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کا بدترین مظاہرہ، تمام سیٹوں پر شکست، بیشتر امیدواروں کی ضمانت ضبط

Wed, 09 Oct 2024 10:42:21    S.O. News Service

نئی دہلی، 9/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہریانہ میں بی جے پی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ حکومت سازی کی راہ ہموار کر لی ہے۔ کانگریس کو جہاں اپنی توقعات کے برخلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، وہیں دہلی میں حکمرانی کرنے والی عام آدمی پارٹی کو بھی کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عآپ نے ہریانہ کی 89 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے اور بڑی کامیابی کے دعوے کیے تھے، لیکن عوام نے ان کے حق میں فیصلہ دینے سے صاف انکار کر دیا۔ عآپ ایک بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی، اور زیادہ تر حلقوں میں اس کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو گئیں، جس سے یہ انتخابات پارٹی کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھے۔

ہریانہ میں ملی اس شکست کا اثر عآپ کو آنے والے دہلی اسمبلی الیکشن پر بھی پڑ سکتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہریانہ کا وہ علاقہ جو دہلی سے متصل ہے، جہاں عآپ کو کچھ امید تھی کہ کیجریوال کا جادو چل جائے گا، وہاں بھی امیدیں ٹوٹ گئی ہیں۔ چونکہ دہلی اسمبلی انتخاب میں عآپ کا کانگریس سے اتحاد بھی ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے، اس لیے آگے کی راہیں آسان دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔

دہلی سے متصل اسمبلی حلقوں میں عآپ کے امیدواروں کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو پارٹی کی حالت صاف پتہ چل جاتی ہے۔ گڑگاؤں میں عآپ امیدوار ڈاکٹر نشانت آنند کو محض 2177 ووٹ ملے۔ گروگرام ضلع کے بادشاہ پور سیٹ سے بیر سنگھ بیرو میدان میں تھے ان کو عوام نے 12943 ووٹ دیے۔ سوہنا سے دھرمیندر کھٹانا کو صرف 2680 ووٹ ملے۔ پٹودی میں تو امیدوار 2000 کا ہندسہ بھی پار نہیں کر پائے، ان کے امیدوار پردیپ جٹولا کو صرف 1874 ووٹوں سے ہی صبر کرنا پڑا۔ اسی طرح سے کئی ایک سیٹ ہے جہاں عآپ کے امیدوار کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


Share: